لاہور:پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کی پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف لاہورہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا کہ گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ دینےکے پابند ہیں۔ جسٹس جواد حسن کی ہدایت پر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے الیکشن سےمتعلق آئین کا متعلقہ پیراگراف پڑھ کر سنایا۔
اسد عمر نے کہا کہ پیراگراف میں سیاسی انصاف کی اصطلاح میرے لیے بھی نئی ہے۔جسٹس جواد حسن نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کو تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن نے خط لکھے، آپ کاموقف ہےکیا؟
عدالتی استفسار پر وفاقی حکومت کےوکیل نےدلائل کے لیےمہلت مانگ لی، انہوں نے کہا کہ ہفتےکو ہی کراچی سے لاہور آیا، مریم نواز بھی اسی وقت واپس پہنچی تھیں، میں آدھا گھنٹہ پھنسا رہا۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کی بات پر جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے کہ یہ پی ٹی آئی کامسئلہ نہیں ہے یہ پاکستانی عوام کامسئلہ ہے ، یہ جمہوریت کامعاملہ ہے، ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، برا حال ہے، کیاکررہےہیں آپ لوگ؟
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ میں وفاقی حکومت کا وکیل ہوں، گورنر کا نہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ گورنر کا پرنسپل سیکرٹری کیوں نہیں آیا؟ گورنر پنجاب ادھرہیں بھی یا نہیں؟
فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ تحریک انصاف کی درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائیں گئے ہیں، عدالت عالیہ نے دونوں فریقین سے تفصیلی رپورٹس طلب کرلیں۔
عدالت نےگورنر کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری اور الیکشن کمیشن نوٹس جاری کردیے، کیس کی مزید سماعت 3 فروری کو ہوگی۔