پشاوردھماکا: مالاکنڈ ڈویژن بھر کے تمام اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

سوات(بیورورپورٹ) پشاور کی پولیس لائنز میں دھماکے کے بعد مالاکنڈ ڈویژن بھر کے تمام اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

آر پی او مالاکنڈ ڈویژن سجاد خان نے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کو سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں امن وامان کو برقراررکھنے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا

انہوں نے تمام سرکاری عمارتوں، پولیس اسٹیشنز، چوکیوں اورلائنز سمیت دیگر اہم عمارتوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں لگانے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

انہوں نے پشاور پولیس لائنز دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیااورکہاکہ امن اور عوام کی خاطر پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی انہوں نے پولیس جوانان کو ڈیوٹی کے دوران الرٹ رہنے اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔