پاسپورٹ فیس میں اضافے کی بےبنیاد ہیں ،محکمے کی پھروضاحت

کراچی(امت نیوز)پاسپورٹ بنانے کی فیسوں میں اضافے کی افواہ پر کراچی سمیت ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں  غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔شہری  پاسپورٹ کی فیسوں میں اضافے کی خبروں پر پاسپورٹ بنوانے کی جدوجہد کرتے نظر آئے

صورت حال پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اسلام آباد کوایک بار پھر وضاحت جاری کرنا پڑی ۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اسلام آبادکے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاسپورٹ فیس میں اضافے کے حوالے سے کچھ جعلی اعلانات کئے جارہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ بارہا وضاحت کرچکا ہے کہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا۔

اعلامیے کے مطابق محکمے نے حال ہی میں ای پاسپورٹ کی فیس مقرر کی ہےجس کو کچھ عناصر عام پاسپورٹ فیس میں اضافے کا رنگ دے رہے ہیں ، عام پاسپورٹ فیس کا ڈھانچہ یکم فروری کے بعد بھی رہے گا ۔افواہوں کی وجہ سےملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں گنجائش سے زیادہ رش بن گیا ہے جس کی وجہ سے پاسپورٹ درخواست گزاروں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے عوام الناس ان افواہوں پر کان نہ دھریں

ترجمان وزارت داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

ڈائریکٹر پاسپورٹ کراچی  کے مطابق مشین ریڈایبل پاسپورٹ میں 14 دن میں ملنے والے نارمل پاسپورٹ کی فیس 3 ہزار، 5 دن میں ملنے والے ارجنٹ کی فیس 6 ہزار، ڈبل پیج یعنی 100 صفحات کے پاسپورٹ کی فیس 6 ہزار اور 10 سال والے پاسپورٹ کی فیس بھی 6 ہزار ہے۔