پشاور دھماکا:وزیراعظم اور آرمی چیف نے زخمیوں کی عیادت کی

پشاور(امت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اورآرمی چیف جنرل عاصم منیر نےلیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اورپولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر پشاور پہنچے تو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اورآرمی چیف جنرل عاصم منیر نےلیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
پشاور دھماکے پر ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا جس میں وزیراعظم کو کورکمانڈر پشاور نے دہشت گردی کے عوامل اور محرکات پربریفنگ دی جب کہ آئی جی پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے پولیس لائنز خودکش حملے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو پولیس لائنز میں خودکش حملےکی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریاست اور عوام کے اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں کو ناکام بنائیں گے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت اور جامعیت سےعمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کےگھر میں سربسجود نمازیوں کا خون بہانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، یہ جرم کرنے والے اللہ تعالی کی پکڑ سے بچ نہیں سکیں گے، اِن مجرموں کو صفحہ ہستی سے مٹا کر دم لیں گے۔
وزیراعظم نےکہا کہ انسداد دہشت گردی کے اداروں اور پولیس کی صلاحیت اور استعداد کار میں اضافہ کریں گے، اسلام کےنام پر نماز کے دوران مساجد اور معصوم شہریوں پر حملہ کرنا بدترین فعل ہے، پاکستانی عوام نے مذہب کی غلط تشریح کرنے والے عناصر کے اصلی چہروں کو پہچان لیا ہے، ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، شر پسند عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔