کراچی(امت نیوز)پاکستانی روپیہ خطے کی سب سے تیزی سے گرنے والی کرنسی بن گیا ہے۔
رواں سال 2023 کے پہلے ماہ کے دوران اب تک پاکستان میں ڈالر کی قدر میں 16فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو خطے میں کسی بھی ملک کے کرنسی کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
اس کے مقابلے میں خطے کے12ممالک میں صرف بنگلہ دیش،سری لنکا،ویتنام اور فلپائن کی کرنسی میں گراوٹ آئی لیکن یہ گراوٹ انتہائی معمولی رہی ۔دیگر ممالک کی کرنسیوں میں ڈالر کے مقابلے میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال2023 میں مجموعی طور پر بھی اب تک گراوٹ کے لحاظ سے پاکستانی کرنسی سرفہرست ہے جس کی قدر میں 16فیصد کمی ہوئی جب کہ دوسرا ملک بنگلہ دیش ہے جس کی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 2.5فیصد گری باقی خطے کے 12ممالک میں سری لنکا سمیت کی کرنسیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
سال بہ سال موازنہ کیا جائے تو سری لنکن کرنسی میں ایک سال میں 45.1فیصد کمی ہوئی دوسرے نمبر پر پاکستان ہے جس کی کرنسی 34.5فیصد گری جب کہ بنگلہ دیش 18.8فیصد کرنسی گراوٹ کے لحاظ سے تیسرے نمبر ہے۔