عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10فروری تک توسیع

اسلام آباد کی انسداددہشت گردی عدالت نے احتجاج اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ تفصیلات کے مطابق احتجاج اور دفعہ144 کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی۔

عدالت نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران خان کی عبوری ضمانت پر حتمی دلائل طلب کر لیے۔

جج راجہ جوادعباس حسن نے کیس کی سماعت کی جب کہ عمران خان کی جانب سے اُن کے وکیل ڈاکٹر بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے مؤقف اپنایا کہ طبی بنیادوں پر اور سیکیورٹی مسائل کے باعث عمران خان عدالت پیش نہیں ہوسکتے جس کے بعد جج راجہ جواد عباس حسن نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت10 فروری تک ملتوی کردی۔