کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف)ڈیری فارمرز ایسوسی نے دودھ کی قیمتیں 50روپے بڑھانے کی تیاری کرلی ہے ،کمشنر کراچی کی نااہلی کے باعث ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے ،50روپے اضافے کے بعد شہر میں دودھ 240روپےفی لیٹر فروخت ہوگا۔ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے قیمتیں نہ مانیں تو دودھ 300روپے تک لے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر سے دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے ،اس بار ڈیری فارمرز دودھ کی قیمتوں میں 50روپے اضافہ کرنے جارہے ہیں جس کے بعد دودھ کی نئی قیمت 240روپے فی لیٹر ہوجائے گی ،معلوم ہوا ہے کہ دودھ میں اضافے سے متعلق ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی سے کئی بار رابطے کی کوشش کی ،رابطہ نہ ہونے پر ڈیری فارمرز نے ازخود اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ اضافے سے قبل ہی شہر میں دودھ مختلف قیمتوں میں فروخت ہورہا ہے ،اس سے قبل دسمبر 2022 کو ہی دودھ کی قیمت میں 10روپے اضافہ کیا گیا تھا ،اضافے سے قبل شہر میں فی لیٹر 180روپے کا فروخت ہورہا تھا ،ڈیری فارمرز مافیا کے ازخود 10روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 190روپے تک پہنچ گئی تھی ،دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن سے ملاقات بھی کی تھی ،کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کو کسی قسم کے احکامات نہیں دیئے اور نہ ہی ان سے اضافے کی وجہ پوچھی بلکہ ڈیری فارمرز کے 10روپے اضافے کو سہراتے ہوئے ملاقات ختم کردی ،ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ معاملے پر کمشنر کراچی نے کوئی اقدام نہیں کیا اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ نے کسی قسم کے چھاپے مارکر دکانداروں کو ریٹ لسٹ کے مطابق دودھ فروخت کرنے کا انتباہ دیا ،ذرائع نے بتایا کہ شہر میں 10روپے اضافے کے بعد دودھ من مانی قیمتوں میں فروخت ہوتا رہا جس پر ضلعی انتظامیہ خاموش تمائشی بنی رہی ،ضلع جنوبی ،شرقی اور سینٹرل کے علاقوں میں دکانداروں نے ازخود دودھ کی قیمت میں اضافہ کرکے 200روپے فی لیٹر دودھ فروخت کرنا شروع کردیا جس پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی تاہم یکم فروری 2023 کو ڈیری فارمرز مافیا نے ایک بار پھر سے دودھ کی قیمتوں میں 50روپے اضافہ کردیا ہے جس کے بعد دودھ کی نئی قیمت 240روپے فی لیٹر ہوجائے گی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیری فارمرز دودھ کی قیمت مزید بڑھانے کے لیئے سرگرم ہوگئی ہے ،ذرائع نے بتایا کہ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے 2 ماہ کے دوران دودھ کی قیمتوں میں 2بار ازخود اضافہ کیا جن کے خلاف کمشنر کراچی کارروائی سے گریز کررہے ہیں۔ امت کو ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے شاکر عمر گجر نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی دن بدن ہورہی ہے ،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ، اجناس اس قدر مہنگی ہوگئی ہیں کہ کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے ،روپے کی قدر گرگئی ہے ،چوکر کی بوری 900 روپے کی تھی اب وہ 2ہزار پر پہنچ گئی ہے اس کے علاوہ دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ،ہم ابھی 50روپے اضافے کا فیصلہ کررہے ہیں اگر ہماری بات نہیں سنی گئی تو ہم دودھ کی قیمت 300روپے فی لیٹر تک لے جاسکتے ہیں، اس حوالے سے ہم نے کمشنر کراچی سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔