لاڑکانہ میں متاثرین کے غیرملکی امدادی چاول بیچنے کا انکشاف

لاڑکانہ (امت نیوز) لاڑکانہ میں سیلاب زدگان کے لیے بھیجے گئے غیر ملکی امدادی چاول مبینہ طور پر گودام پر فروخت کر دیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے فروخت کی خبروں پر کارروائی کرتے ہوئے گودام سیل کر کے چاول کی ایک ہزار بوریاں تحویل میں لے لیں۔ لاڑکانہ کے جیلس بازار میں شہریوں نے گودام کی نشاندہی کی تھی جہاں سے سیلاب زدگان کے لیے آئے امدادی چاول فروخت کیے جا رہے تھے، چاولوں کی بوریوں پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ چاول فروخت کے لیے نہیں لیکن اس کے باوجود چاول مارکیٹ میں فروخت کیے جا رہے تھے۔ اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے فلڈ ریلیف کے کمبل مبینہ طور پر ملک بھر میں آن لائن فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا، لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی شمسہ علی نے آن لائن آرڈر جاری کرنے پر ڈلیور کمبلوں کی ویڈیو بنا کر وائرل کی، شمسہ علی لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے خواتین کی مخصوص نشست پر سال 2018 میں پنجاب اسمبلی کی منتخب رکن تھی۔شمسہ علی جو سپریم کورٹ میں وکیل اور قانون دان بھی ہیں ویڈیو میں انکشاف کرتی ہیں کہ انہوں نے چند روز قبل 2 کمبل آن لائن آرڈر کیے تھے، ویڈیو میں شمسہ علی نے کمبل آن لائن آرڈر کرنے کی رسید بھی دکھائی ہے۔شمسہ علی نے ویڈیو میں ڈلیور کیے گئے کمبل بھی دکھائے ہیں جن میں سے ایک کمبل کا ٹیگ کاٹ کر غائب کیا جاچکا تھا جبکہ دوسرے کمبل کا ٹیگ موجود ہے، جس پر سندھ حکومت کا مونوگرام اور فلڈ ریلیف تحریر ہے