تحریک انصاف کے سابق ایم پی کے بھائی کے ڈیرے پرچھاپا،پی ٹی آئی کی مذمت

لاہور(امت نیوز)لاہور میں پولیس نے تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی شبیر گجر کے بھائی خالد گجر کے ڈیرے پر چھاپا مار کر چار سے پانچ ملازموں کو گرفتار کرلیا

پولیس کے مطابق شبیر گجر اور خالد گجر کے خلاف مقدمہ درج ہے، مقدمہ نجی سوسائٹی کے لینڈ سیکیورٹی منیجر نے درج کرایا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق نجی سوسائٹی نے ایک شخص سے زمین خریدی، زمین کی نشاندہی کرانے گئے تو گجر برادری کے افراد نے حملہ کر دیا۔ملزمان کی فائرنگ سے نجی سوسائٹی کا گارڈ جنید خان زخمی ہوا، ملزمان کے تشدد سے بھی تین افراد زخمی ہوئے ۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے چھاپے کی مذمت کی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے اور ان کے بھائی خالد گجر پر چڑھائی کی گئی۔ یہ فسطائیت کا نیا مظاہرہ ہے اس کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ پولیس نے شبیر گجر اور خالد گجر کے ڈیرے پر دھاوا بولا ، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او حد سے تجاوز کر رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ جب سے نگراں سیٹ اپ آیا ہے پرچے اور گرفتاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان سے بطور سابق وزیراعظم سیکیورٹی واپس لے لی گئی، عمران خان پر ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، کارکنوں نے اپنے طور پر سیکیورٹی کیلئے زمان پارک میں کیمپ لگائے۔