پاکستان اورافغانستان نے دہرےٹیکس سے بچنے کیلئے معاہدہ کرلیا

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان اور افغانستان نے دہرے ٹیکس سے بچنے کے کنونشن کے متفقہ مسودے پر دستخط کر دیئے۔
پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں یکم سے 3 فروری 2023 تک دہرے ٹیکس سے بچنے کے کنونشن پر مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔
افغان وفد کی سربراہی ریونیو لیگل سروسز کے ڈائریکٹر ندا محمد صدیقی اور پاکستانی وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ٹیکس آپریشنز، ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل ساجد اللہ صدیقی نے کی۔
دونوں وفود کے درمیان 27 سے 30 دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں مذاکرات کا دوسرا دور ہوا تھا۔

مذاکرات دوستانہ ماحول میں ہوئے جہاں دونوں فریقین نے اپنے اپنے نقطہ نظر پیش کئے۔ تفصیلی بات چیت کے بعد فریقین نے دہرے ٹیکس سے بچنے کے کنونشن کا متفقہ مسودہ تیار کر لیا ۔ متفقہ مسودے پر دونوں وفود کے سربراہان نے دستخط کردیئے۔
دستخط کی تقریب کے اختتام پر چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے افغان وفد کا پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کنونشن سے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔