پاکستان بھر میں کشمریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یوم یکجہتی کشمیر آج بروز اتوار مورخہ 5 فروری کو منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بھارتی جبر سے آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، جب کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کا ظالمانہ رويہ جبری گمشدگيوں اور پيلٹ گن کے استعمال سے ظاہر ہوتا ہے۔
مظلوموں کی آواز ميں آواز ملانے کا دن، یوم یکجہتی کشمیر آض منایا جا رہا ہے۔ تینتیس برس قبل پانچ فروری کو جو سلسلہ شروع ہوا، وہ آج بھی جاری ہے اور آزادی ملنے تک نہيں رکے گا۔ کشمیر اور پاکستان، دو قالب، یک جان ہیں، کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنے کرتے نہتے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صبح 10بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب اور سیمینار ہوں گے جن میں قابض فورسز کی بربریت کیخلاف آواز اٹھائی جائے گی۔
مظفرآباد میں کوہالہ پل پر سائرن بجا کر 2 منٹ تک خاموشی اختیار کی گئی، جب کہ انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔