پاکستان اورآزادکشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبے سے منایاگیا

مظفرآباد(اُمت نیوز) پاکستان اورآزادکشمیر میں آج یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبے سے منایاگیا اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے مظالم کے باوجود حق خودارادیت کیلئے کوشاں کشمیریوں کو خراج تحسین پیش اور تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس سے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے تمام انٹرپوائنٹس پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے انٹری پوائنٹس پر ہونے والی یکجہتی تقریبات میں پاکستان کے چاروں اور گلگت بلتستان کے وزرا اور حکومتی حکام کے علاوہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریاست کے تمام ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی تقاریب اورریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تعلیمی اداروں میں اس سلسلہ میں خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔