قوموں کو آزادی کی جنگیں خود لڑنا پڑتی ہیں، چوہدری انوار الحق

 

مظفرآباد(پی آئی ڈی) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلا س کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائمقام صدر آزادجموں وکشمیر و سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کہاکہ قوموں کو آزادی کی جنگیں خود لڑنا پڑتی ہیں، ظلمت کی گھڑیاں طویل نہیں ہو سکتیں، اس وقت ہمارا وکیل مشکلات کا شکار ہے، ہمارے ملک پر دوبارہ دہشتگردی مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر ہمیں سخت تشویش ہے۔ ان چیلنجز کو ساتھ لیتے  ہوئے تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کا سیاسی ماحول اس وقت کشیدگی کا شکار ہے۔ ہندوتوا کی ہندوستانی حکومت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے کی کوشش کرہی ہے۔ مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں اور شہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی عمارت کا منصوبہ جو کہ2017 پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ منصوبے کی لاگت2800ملین تھی جو کہ اب ریوائزڈ ہو کر4200ملین ہو گئی ہے۔ اب تک اس منصوبے کیلئے974ملین روپے ریلیز ہوئے ہیں باقی فنڈز کی فراہمی بروقت یقینی بنائی جائے تاکہ اس سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو شہباز سپیڈ کے ساتھ ایک سال کے اندر مکمل کیا جا سکے۔