اسامہ ستی قتل کیس: 2 پولیس اہلکاروں کو سزائے موت سنا دی گئی

اسلام آباد: اسامہ ستی قتل کیس کے پانچ ملزم پولیس اہلکاروں میں سے 2 کو سزائے موت جب کہ 3 کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے اسامہ ستی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا، 5 ملزم پولیس اہلکاروں میں سے دو کو سزائے موت جبکہ تین کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

عدالت نے سب انسپکٹر افتخار احمد اور کانسٹیبل محمد مصطفی کو موت کی سزا سنائی ہے، اور ان دونوں مجرمان سب انسپکٹر افتخار احمد اور کانسٹیبل محمد مصطفیٰ کو ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ عدالت نے کانسٹیبلز سعید احمد، شکیل اور مدثر مختار کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

اسامہ ستی کو جنوری 2021ء میں پولیس ناکے پر قتل کیا گیا تھا، پولیس اہلکاروں کے مطابق ناکے پر نہ رکنے پر اسامہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے 2 جنوری 2021 کو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سیکٹر جی 10 میں ایک کار پر فائرنگ کی، جس میں سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مشکوک گاڑی اشارے کے باوجود نہ رکی تو ٹائروں پر فائر کئے گئے تاہم اس دوران گولیاں نوجوان کو لگ گئیں۔