ترکی اور شام میں ہلاکتوں کی تعداد 2600سے تجاوز کر گئی

انقرہ(اُمت نیوز) ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، 7.8 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد 2600سے تجاوز کر گئی جبکہ ایک ہزار سے افراد زخمی ہوئے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 1651 ہو گئی، جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے ہیں۔شام میں اب تک969 افراد ہلاک، زخمیوں کی تعداد 1000 سے زائد ہو گئی ہے
زلزلے کے شدید جھٹکے اردن، شام ، قبرص اور یونان میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے سے ترکی اور شام سمیت دیگر ممالک میں سیکڑوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔
زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انٹپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔ ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے آفٹر شاکس ترکیے کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے، جن کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس تقریباً 11 منٹ بعد محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔