اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ ترکیہ روانہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی 130 طیارہ چکلالہ ائیر بیس سے آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم لے کر براہ راست ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے گا۔
7 فروری کی صبح پی آئی اے کی پرواز سے پچاس افراد اور 15 ٹن سامان ترکیہ روانہ ہوگا۔ ٹیم میں ریسکیو 1122 کے اہلکار شامل ہیں۔
7 فروری کو لاہور سے ایک اور سی-130 طیارہ 7 ٹن امدادی سامان لے کر استنبول، ترکیہ روانہ ہوگا۔
امدادی سامان میں سردی میں استعمال ہونے والے خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔
8 فروری سے ہر روز پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور سے 15 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام بھیجا جائے گا۔
وزارت صحت اور آرمی میڈیکل ٹیمیں ترکیہ اور شام بھجوائی جائیں گی۔