وزیراعظم کا دورہ ترکیہ، اے پی سی ایک بار پھر مؤخر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جمعرات (9 فروری) کو کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی ) مؤخر کردی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے، وہ صدر اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت، ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے، اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

خیال رہے کہ ترکیہ میں زلزلے کی تباہی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ترکیہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم اور وزیرخارجہ کے دورے کا مقصد مصیبت کی گھڑی میں اظہار ہمدردی کرنا ہے، اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔