کراچی:قومی اسمبلی کے9حلقوں کیلئے187کاغذات نامزدگی جمع

کراچی(امت نیوز) شہر قائد میں  میں قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ہونے والے ضمنی انتخابت کیلئے 187 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئے

قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر 16 مارچ کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔جس کے لیے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور آزاد حیثیت میں حصہ لینے والوں سمیت 187 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز بھی سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے کاغذات جمع کرانے کا سلسلہ شام چار بجے تک جاری رہا

ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال نے حلقہ این اے 256 اور این اے 247 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے 252 اور این اے 254 سے کاغذات جمع کرائے۔

تحریک انصاف کے آفتاب جہانگیر نے این اے 252 پر جبکہ علی زیدی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رؤف صدیقی نے این اے 244 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

این اے 242 سے تحریک انصاف کے سیف الرحمان اور پیپلز پارٹی کی شہلا رضا سمیت 7 امیدواروں اور ایم کیو ایم پاکستان کے تین امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔

مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ اس بار ایم کیو ایم پاکستان 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوگی۔

پی ٹی آئی کے علی زیدی کا کہنا تھا کہ عوام جسے ووٹ دے اسے ہی جیتنا چاہئے۔

9 حلقوں میں امیدواروں کی حتمی فہرست آنے کے بعد 10 فروری سے کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہوگا جو 13 فروری تک جاری رہے گا۔