امجد اسلام امجد کا شمار ملک کی نامور ادبی شخصیات میں ہوتا تھا،فائل فوٹو
امجد اسلام امجد کا شمار ملک کی نامور ادبی شخصیات میں ہوتا تھا،فائل فوٹو

معروف شاعر و ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد انتقال کرگئے

لاہور:اردو ادب کی معروف شخصیت شاعر، ڈرامہ اور کالم نگار امجد اسلام امجد 79 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

کالم نگار امجد اسلام امجد کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوا، اہل خانہ نے وفات کی تصدیق کر دی۔ امجد اسلام امجد کا شمار ملک کی نامور ادبی شخصیات میں ہوتا تھا، ان کو ستارہ امتیاز، صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

امجد اسلام امجد 4اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے، 1967 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔ 1968 تا 1975 تک ایم اے او کالج میں لیکچرار رہے۔ 1975 میں انہیں لاہور آرٹس کونسل کا ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔

ان کی متعدد تصنیفات مارکیٹ میں آئیں جن میں شعری مجموعے، سفرنامے، ڈرامے اور کالمز کے مجموعے شامل ہیں جن میں بارش کی آواز،کوئی دن اور،ریشم ریشم اور چراغ راہگذر زیادہ مشہور ہیں۔

امجد اسلام امجدکو 1975ء میں ٹی وی ڈرامہ (خواب جاگتے ہیں ) پر گریجویٹ ایوارڈ ملا۔ اس کے علاوہ مشہور ڈراموں میں وارث ، دن، فشار شامل ہیں۔ ایک شعری مجموعہ برزخ اور جدید عربی نظموں کے تراجم "عکس "کے نام سے شائع ہوچکے ہیں جبکہ افریقی شعرا ءکی نظموں کا ترجمہ” کالے لوگوں کی روشن نظمیں” کے نام سے لاہور سے شائع ہوا۔ اس کے علاوہ تنقیدی مضامین کی ایک کتاب "تاثرات "بھی ان کی تصنیف کردہ ہے۔