سوات میں برفباری رک گئی،سڑکیں تاحال بند،بجلی کا نظام متاثر

سوات(بیورورپورٹ) سوات کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلسہ تھم گیا، کالام روڈ پر گرنے والے جاخ کے مقام پر گلیشئر کو ہٹادیا گیا۔

گوریت کے مقام پر گلیشئر ہٹانے کے لئے کام جاری ہے۔ دیہات میں رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں جبکہ بجلی اورمواصلات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔

تحصیل بحرین میں گوریت اورجاخ کے مقام پر بھاری گلیشئرز گرنے سے کالام روڈ مکمل طورپر بلاک ہوگیا تھا تاہم ہفتے کے روز اسسٹنٹ کمشنر بحرین کی نگرانی میں تین ایکسیویٹرز نے مسلسل کام کرکے شام تک جاخ کے مقام پر گلیشئر کو ہٹال کر روڈ فوربائی فورگاڑیوں کے لئے بحال کردیا

گوریت کے مقام پر بھاری گلیشئر ہٹانے کے لئے کام جاری ہے۔کالام روڈ ٹریفک کے لئے بندہونے کے باعث سیاحوں سمیت مقامی افراد کالام میں پھنس چکے ہیں اور کئی کئی کلومیٹر پیدل سفرکرنے پر مجبور ہیں۔ بالائی پہاڑی اوردیہات میں رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہوکررہ گئے ہیں جبکہ بیشتر علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہے۔