ترکیہ میں زلزلے کے دوران نرسوں کی فرض شناسی،وڈیو وائرل

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ میں قیامت خیز زلزلے کے دوران اسپتال میں نرسوں نے جان کی پروا کئے بغیر انتہائی فرض شناسی کا مظاہرہ کیا اور بھاگنے کے بجائے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں نوزائیدہ بچوں کو بچانے کی کوشش کی ۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے

ترک میڈیا کے مطابق گازیانٹیپ کے ایک اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمرے میں احساس ذمہ داری اور جذبہ ہمدری کی انمول ویڈیو ریکارڈ ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نرسیں اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بچوں کی حفاظت میں مصروف ہوگئیں

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب زلزلے سے اسپتال کی عمارت ایک منٹ تک لرزتی رہی تو ڈیوٹی پر موجود ڈیولٹ نظام اور گزول کالسکان نامی نرسوں نے بچوں کے انکیبیوٹرز کو گرنے سے بچایا

اگر یہ نرسیں چاہتی تو خود کو بچانے کے لیے اسپتال سے بھاگ سکتی تھیں لیکن انھوں نے انکیبیوٹرز میں موجود بچوں کی فکر کی اور ان کی حفاظت کا انتظام کیا۔

سوشل میڈیا پر ان نرسوں کی فرض شناسی کو سراہا جا رہا ہے۔