قرض میں ڈوبے پاکستان میں کینیڈین کافی نے فروخت کا ریکارڈ توڑ ڈالا

لاہور(امت نیوز) مشہور کینیڈین کافی برانڈ “ٹم ہورٹنز” نے لاہور میں اپنی برانچ کے افتتاح کے پہلے ہی روز فروخت کا 61سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا ۔لوگ لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہوکر کینیڈین برانڈ کی کافی خریدتے نظر آئے ۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر سوال اٹھ گئے کہ کیا یہ وہی ملک ہے جو دوسرے ملکوں سےاپنےلئے قرض مانگتا پھر رہا ہے

لاہور میں  مشہور زمانہ کینیڈین کافی برانڈ ” ٹم ہورٹنز ” کی برانچ کا افتتاح ہوا۔ اور افتتاح کےپہلے ہی روز آوٹ لیٹ کے باہرخریداروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ٹم ہارٹنز نےاوپننگ کے دن پر سب سے زیادہ کمائی کا61سالہ ریکارڈ توڑ دیا ۔

ٹم ہورٹنز کے افتتاح پر جہاں لاہوریوں نے  جوق در جوق یہاں کا رخ کیا وہیں  سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔سوشل میڈیا صارفین  کا کہنا ہے کہ ایک طرف ملک معاشی تباہی کے دہانے پر ہے اور  دوسری طرف ٹم ہارٹنز  پر لوگوں  کا رش لگا ہوا ہے

ایک سوشل میڈیا صارف نے ٹویٹ کیا کہ  لاہور میں ٹم ہارٹنز کے افتتاح کے موقع پر نوجوان لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں۔ آئی ایم ایف مشن شاید سوچ رہا ہو کہ کیا یہ وہی ملک ہے جو ڈالر کی بھیک مانگ رہا ہے۔

ایک اور صارف نے  سوال کیا ہے کہ مہنگے کینیڈین کافی برینڈ  ٹم ہورٹنز کی اوپننگ پر  لاہوریوں کی قطار اور ریکارڈ سیل ہوئی  جس نے سستے آٹے کی قطاروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ کیا ہم واقعی ڈیفالٹ ہوتا ہوا ملک ہیں؟

ایک صارف نے کافی  برانڈ  کے اوپننگ کے وقت کی  تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ  لمبی قطاریں، کھچا کھچ بھرا ہال، پارکنگ میں جگہ نہیں، افراتفری۔ ٹم ہارٹنز کے پہلے دن صبح 9:00 بجے کے مناظر۔ کہاں ہے مہنگائی ؟