وزیراعظم کاوزرا کے ہمرا ترک سفارت خانے کا دورہ

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے پہنچ گئے اور زلزلے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی وزرا بلاول بھٹو، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہولناک زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی قوم افسردہ ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان سے امدادی سامان ترکیہ بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے جس میں خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ٹرینوں کے ذریعے بھی امداد کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے، وزارت خارجہ اور ترکیہ میں سفیر روز صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں، زلزلہ متاثرین کی بحالی تک ترک بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ترک حکومت نے 2005کے زلزلے، 2010 اور حالیہ سیلاب میں پاکستان کی بھرپور مدد کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ ترک بھائیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

ترک سفیر کا کہنا تھاکہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاک فوج، این جی اوز اور مخیر حضرات امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔