اسلام آباد: منی بجٹ لانے کے لیے حکومت کے اعلیٰ ترین سطح پر رابطے جاری ہیں۔
اس حوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی، جس میں بجٹ کے بنیادی نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے منی بجٹ آرڈیننس کی صورت میں نافذ کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منی بجٹ تجاویز آج کابینہ کے اجلاس میں منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے متوازن بجٹ بنانے کے فارمولے پر صدر عارف علوی کو اعتماد میں لیا۔صدر عارف علوی نے اپنی جانب سے بھی تجاویز پیش کیں۔
ملاقات میں معاشی اہداف اور الیکشن کی ٹائم لائن پر بات ہوئی اور آئی ایم ایف سے پیکیج ملنے کے بعد کی حکمت عملی بھی زیر بحث آئی۔