اسلام آباد(امت نیوز) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے آئی ایم ایف کی شرائط پر منی بجٹ لانے کے لیے آرڈنینس کو فوری طور پرمنظور کرنے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور معاہدے پر بریفنگ دی، جس پر صدر مملکت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر مذاکرات کیلئے حکومتی کوششوں کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ریاست ِپاکستان حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم رہے گی۔ تاہم صدر مملکت عارف علوی نے بجٹ تجاویز آرڈیننس کی صورت میں نافذ کرنے پر اعتراضات اٹھا دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرمملکت چاہتےہیں کہ آرڈیننس کے بجائے بل کی صورت میں پارلیمنٹ میں پیش ہو جبکہ حکومتی مؤقف ہےکہ پارلیمنٹ میں بل کی منظوری میں زیادہ وقت لگے گا
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران حکومت آرڈیننس جاری نہیں کرسکتی، حکومت مشترکہ اجلاس کو ختم کرتی ہے تو اجلاس بلانے کے لیے دوبارہ صدر سے رابطہ کرنا پڑے گا اور حکومت کو خدشہ ہے مشترکہ اجلاس ختم کیا جاتا ہے تو صدر مملکت دوبارہ اجلاس نہیں بلائیں گے۔