سپریم کورٹ نے منحرف پی ٹی آئی ارکان کی اپیلیں خارج کردیں

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے منحرف اراکین کی اپیلیں غیر مؤثر ہونے پر خارج کردیں ۔ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی ڈی سیٹ ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب تو پنجاب اسمبلی میں بحالی کی بات ہی ختم ہوگئی، الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا حکم ہائیکورٹ نے دیا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات پر کیا کر رہا ہے ؟ جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے بتایا کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب کے ساتھ الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہوا، گورنر پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا کہا ہے۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ قانون راستہ گورنر نے لینا ہے یا الیکشن کمیشن نے ؟ اس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانونی راستہ گورنر نے ہی لینا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کرے۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کیلئے مشورے کیوں کر رہا ہے ؟ کیا آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات سے پہلے گورنر سے مشاورت کا پابند کرتا ہے ؟ جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے اگر یہ حکم دیا ہے تو اسی پر عمل کریں۔ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے پر پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی درخواستیں غیر مؤثر ہونے پر کیس نمٹا دیا۔