پاناما سٹی : وسطی امریکی ملک پاناما میں 60 سے زائد تارکین وطن کو لے جانے والی ایک بس پہاڑی سے گر گئی جس کے نتیجے میں درجنوں تارکین وطن ہلاک جبکہ تقریباً 20 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بس حادثے میں ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی تعداد کم از کم 39 ہے جبکہ حکام کی جانب سے ان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ایمبولینسز کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاناما کے صدر لارینٹینو کورٹیزو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہے اور غیر قانونی نقل مکانی سے نمٹنے کے لیے انسانی امداد اور مناسب حالات فراہم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔