عمران خان کیلئے عدلیہ کی دریا دلی پر رشک آتا ہے، حافظ حمداللہ

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیلئے عدلیہ کی دریا دلی پر رشک آتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ نہ عمران خان مسلط ہوتا نہ آئی ایم ایف آتا، نہ عمران خان معاہدہ توڑتا نہ آج منی بجٹ آتا، منی بجٹ کا نام عمران بجٹ رکھا جائے، عمران کا فیض آئی ایم ایف، معیشت اور مہنگائی کی تباہی لایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے فیض کے چرچے لندن میں بھی جاری ہیں، شہباز شریف کے خلاف ڈیلی میل میں جھوٹی خبر شائع کروانے والے کے بارے میں ڈیلی میل میں سچی خبر شائع ہوئی ہے لیکن آرٹیکل 62 اور 63 پر مکمل خاموشی طاری ہے، کیا آئین کی یہ دو شقیں معطل ہو چکی ہیں؟، یا آئین کا حصہ نہیں رہیں؟۔

حافظ حمداللہ کا مزید کہنا تھا کہ جیل جانے کی باری آئی تو بزرگی اور بیماری یاد آگئی، جیب بھرنے کیلئے کپتان اور جیل بھرنے کیلئے عوام؟، عمران خان بزرگ ہے نہ بیمار ہے، وہ صرف فنکار ہے۔