منی بجٹ کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

کراچی(امت نیوز)منی بجٹ کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

مولوی اقبال حیدر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ غریب عوام روز بہ روز مہنگائی تلے پس رہے ہیں ، مزید مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ راتوں رات پٹرول کی قیمت  میں اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو اشیا پر ٹیکس لگائے جارہے ہیں، ملکی صورتحال یہ ہے کہ منافع خور امیر تر ہوتے جارہا ہے غریب غریب ہو رہا ہے، پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے ہر اشیا کے ریٹ بڑھ جائیں گے۔

درخواست گزار نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیا پر قمیتوں میں اضافہ آئین کے آرٹیکل 5، 8، 9  اور 18 کی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت آئین کے مطابق معاملات چلانے میں ناکام رہی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ گزشتہ روز پیش کیے گیے منی بجٹ کو واپس لینے کا حکم دیا جائے،  وفاقی حکومت کو منی بجٹ پر عمل درآمد سے روکا جائے۔ درخواست میں میں وزارت خزانہ، اوگرا، ایف بی آر و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے منی بجٹ کے تحت ان کی جانب سے 170 ارب روپے کے اضافی ٹیکس اکٹھے کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔