بجلی کے بل ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے، زندگی گزارنا مشکل ہے، فائل فوٹو
بجلی کے بل ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے، زندگی گزارنا مشکل ہے، فائل فوٹو

ملکی مسائل کا واحد حل عام انتخابات کا انعقاد ہے،لیاقت بلوچ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ومرکزی الیکشن سیل کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اقتصادی بحران شدت اختیار کرگیا ہے،پیٹرول قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سمیت منی بجٹ کے ذریعے 170ارب کے کے نئے ٹیکسز سے پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت نے ملک کو تباہی کے کنارے پر لاکھڑا کردیا ہے جس کا واحد علاج عام انتخابات کا انعقاد ہے،ٹیکنوکریٹ یا کوئی اور فارمولا ماورائے آئین اور مارشل لا کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا،17اگست کو موجودہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہوگی،ملک وقوم کی مفاد کی خاطر تمام سیاسی قیادت کو سرجوڑ کر ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ اور ملک میں ایک ہی دن میں تمام انتخابات کرانے پر اتفاق کرنا ہوگا،اگر خدانخواستہ ایسا ممکن نہ ہوا تو پھر کوئی اور نیا کھیل کھیلے گا پھر کسی کو کچھ بھی ہاتھ نہیں آئے گا۔کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد ومینڈیٹ دیا ہے پیپلزپارٹی وایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں کو یہاں کے عوام آزماچکے جنہوں نے مہنگائی،بدامنی،کرپشن اور بوری بند لاشوں کے سوا کچھ نہیں دیا اسلئے تمام جماعتوں کو اس جیت ومینڈیٹ کو تسلیم کرنا چاہئے اگر کوئی چور راستہ اختیار کیا گیا تو یہ پورے پاکستان کیخلاف منفی کھیل ہوگا

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں انتخابی وسیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے مرکزی نائب امراءڈاکٹر فرید احمد پراچہ، اسداللہ بھٹو،امیرسندھ محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا جبکہ ناظم سندھ ممتاز حسین سہتو نے متوقع انتخابی امیدواران سمیت جائزہ رپورٹ پیش کی۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ27فروری سے جماعت اسلامی کنونشن سینٹر اسلام آباد میں انتخابات 2023 کنونشن کا انعقاد کرکے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرے گی جس میں پنجاب وکے پی کے سے نامزد امیدواران،یوتھ وخواتین سمیت جماعت اسلامی کے ذمے داران بڑی تعداد میں شریک ہونگے جبکہ جلد ہی کراچی میں سندھ وبلوچستان کے امیدواران کا کنونشن منعقد کیا جائے گا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق ان کنونشن سے خصوصی خطاب اور منشور کا اعلان کریں گے۔

مرکزی نائب امیروسیکرٹری الیکشن سیل ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ تنظیمی قوت بڑھانے کی ضرورت ہے تمام شعبہ جات کو فعال ومنظم کیا جائے امیدواران کو متحرک اور فیلڈ میں اتارا جائے قوم نے سب کو آزمالیا حالات کو صرف جماعت اسلامی تبدیل کرسکتی ہے،

صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ترقی وخوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ یہاں کے ظالم جاگیردار ،وڈیرے اور فرسودہ نظام ہے ،جماعت اسلامی قوم کو مخلص ودیاتندار متبادل قیادت دے گی، اس وقت پورا سندھ غربت وافلاس اور محرومیوں کی تصویر بنا ہواہے عوام شعور کا مظاہرہ اور سندھ میں امن وخوشحالی ومسائل سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ آخر میں صوبائی میڈیا سیل کے سابق کارکن سمیع اللہ بھٹو کی والدہ اور نائب امیر جماعت اسلامی اسداللہ بھٹو کی بھابھی کی وفات پر تعزیت مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی گئی۔