90دن میں الیکشن کا معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال

اسلام آباد(امت نیوز) سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور کے تبادلے کے حوالے سے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کل چیف الیکشن کمشنر کا سپریم کورٹ میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے دورکنی بنچ نے نوے دن میں انتخابات میں تاخیرپرچیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کا کہہ دیا، نوے دنوں میں پنجاب میں انتخابات میں تاخیر کا معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوا رہے ہیں،اگر چیف جسٹس پاکستان چاہیں تو انتخاب میں تاخیر پرازخودنوٹس لے سکتے ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی عام انتخابات تاخیر کا شکار ہونے کا خطرہ موجود ہے، صوبائی انتخابات 90 دن میں نہ ہوئے تو آئین کی کھلی خلاف ورزی ہوگی، براہ راست کیس نہ ہونے کی وجہ سے انتخابات کے حوالے سے کوئی حکم جاری نہیں کر سکتے کیونکہ الیکشن کا معاملہ براہ راست بنچ کے سامنے نہیں ہے۔