اسلام آباد(امت نیوز)عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل کے دورے میں نہ ہی پاکستان کے جوہری پروگرام کو روکنے کا معاملہ ایجنڈے پر ہے نہ اس پر کوئی بات ہوئی، اس متعلق باتیں گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ڈی جی آئی اے ای اے کے دورہ پاکستان میں نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے کوئی معاملہ زیر غور نہیں، پاکستان کے جوہری پروگرام کو روکنے کا معاملہ ایجنڈے پر ہے نہ ہی اس پر کوئی بات ہوئی، یہ دورہ اہم ہے تاہم اس حوالے سے پراپیگنڈا درست نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں کہا کہ چینی سفارت خانے نے اپنا قونصلر ہال بند کرنے پر بیان جاری کیا ہے، یہ قونصلر ہال تکنیکی بنیادوں پر بند کیا گیا ہے، چینی سفارتخانے سے ویزوں کا اجراء اس سے متاثر نہیں ہو گا۔
ترجمان نے کہا کہ روسی سفیر کے انٹرویو کا نوٹس لیا ہے، روسی سفیر کا بیان ان کی ذاتی رائےہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان سے یوکرین کو اسلحہ کی سپورٹ کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپے آزادی صحافت پر حملہ ہیں، بھارتی حکومت فسطائیت کی انتہا پر پہنچ چکی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مختلف جیلوں میں موجود افغان قیدیوں میں سے کچھ کو واپس بھیج دیا گیا ہے، دیگر کی واپسی کا عمل جاری ہے۔