وزیراعظم شہبازشریف کا ترکیہ میں زلزلہ زدہ علاقوں کا دورہ

انقرہ(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ترک عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی

وزیراعظم شہباز شریف آج انقرہ سے زلزلے سے متاثرہ علاقے آدیامان پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان کی طرف سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے بھیجا گیا امدادی سامان ترک حکام کے حوالے کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں گے، ترکیہ نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ پاکستان کا دیرینہ دوست ہے۔

ترک ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں آنے والا زلزلہ تاریخ کا شدید ترین زلزلہ تھا لیکن ترک قوم بہت بہادر اور عظیم ہے۔

ان کا کہنا تھا میری عالمی برادری، او آئی سی، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں سے اپیل ہے کہ ترکیہ کے لوگوں کی مدد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں