شیخ رشید پر 2 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی

اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کی منظوری لینے والے شیخ رشید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش ہوئے، سربراہ عوامی مسلم لیگ پر2 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ آج کی سماعت معمول کی کارروائی تھی جس میں پولیس نے شیخ رشید کیخلاف چالان پیش کیا ، مقدمے کی سماعت کرنے والے جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ شیخ رشید پر 2 مارچ کو فرد جرم عائد کریں گے۔

شیخ رشید نے ایس ایچ اوتھانہ آبپارہ کیخلاف درخواست دائر کی جو عدالت نے واپس کردی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ہدایت کی کہ یہ درخواست سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائیں۔

سماعت کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اللہ نہ دبائے تو شیخ رشید نہیں دبے گا۔ میں نے ایس ایچ اوتھانہ آبپارہ کیخلاف درخواست دی ہے کہ گھر میں ڈکیتی کی اور 7 لاکھ روپے لے گئے، یہ اتنے بھوکے ہیں کہ فرج سے مٹھائی اور کھانے کا سامان بھی نکال لیا۔ مجھ سے پاس ورڈ مانگ رہے تھے وہ بھی دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے موبائل میں 95 فیصد صحافیوں اور 10 فیصد سرکاری اہلکاروں کے نمبر تھے۔