پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت کے خط کے الفاظ پر اعتراض اٹھا دیا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے خط میں نامناسب الفاظ استعمال کئے، ڈاکٹر عارف علوی کے خط کا جواب تیار کر لیا ہے، الیکشن کمیشن آج ہی جواب دے گا۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق صدر کی دعوت پر ایوان صدر جائیں گے، دیکھنا ہو گا صدر کو تاریخ دینے کا آئینی اختیار ہے یا نہیں۔
الیکشن کمیشن نے اپنے جوابی خط میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اورخود مختارادارہ ہے، جو آئین اور قانون پرعمل کرتا ہے، صدر کا الیکشن کمیشن کیلئے بے حسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں، صدر مملکت کی جانب سے ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھا جس میں ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی گئی تھی۔
صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا، میں بے چینی سے انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔