انقرہ(امت نیوز)ترکیہ میں زلزلے سے بچ جانےوالا ایک خاندان خوفناک آتشزدگی سے جھلس کر جاں بحق ہوگیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ خاندان ترکیہ کے شہر نورداگی میں رہائش پذیر تھا۔ ان کا گھر زلزلے میں تباہ ہوگیا تھا جس پر یہ جنوب مشرقی شہر کونیہ منتقل ہوگئے تھے اور ایک گھر میں پناہ لی۔
بدقسمتی سے اُس گھر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ صرف ایک بچی کو کھڑکی سے باہر نکالا جا سکا۔
افسوسناک واقعے میں والدین اور چار بچے جاں بحق ہوگئے۔ یہ خاندان شامی تھا اور خانہ جنگی کی وجہ سے ترکیہ منتقل ہوا تھا۔ گھر میں آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔