انقرہ(امت نیوز)ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقے میں پیر کی رات کو ایک بار پھر زلزلہ آیا ہے۔زلزلہ کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی
سعودی نیوز ویب سائٹ نے غیرملکی خبررساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ یورپین سسمالوجیکل سینٹر کے مطابق پیر کی رات کو ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقے 6.4 کی شدت کے زلزلے سے لرز اٹھے۔
زلزلے سے وسطی انتاکیہ میں عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔تاہم مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں
زلزلے کے بعد ریکسیو ٹیمیں مختلف علاقوں میں سرگرم ہوگئی ہیں اور معلوم کر رہے ہیں کہ تازہ ترین زلزلے سے کوئی زخمی تو نہیں ہوا ہے۔
مونا العمر نامی ایک خاتون نے بتایا کہ وسطی انتاکیہ کے ایک پارک میں قائم خیمے میں موجود تھیں جب زلزلہ آیا۔
اپنی سات سالہ بیٹے کو گود میں اٹھائے روتے ہوئے مونا العمر نے بتایا کہ ’مجھے لگا کہ میرے پیروں کے نیچے سے زمین سرک رہی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق تازہ ترین زلزلے کو انتاکیہ شہر اور ادانا میں بہت زیادہ محسوس کیا گیا۔ زلزلہ شام، مصر اور لبنان میں بھی محسوس کیا گیا۔
ترکیہ کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی آفاد کے مطابق زلزلے سے جنوبی صوبہ ہاتے متاثر ہوا ہے۔ خیال رہے یہ صوبہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے میں بھی سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔
زلزلے کے بعد خوف ہراس کے مناظر تھے اور زلزلے کے جھٹکوں کے بعد تباہ شدہ شہر میں گرد و غبار کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ زلزلے میں زخمی ہونے والوں کو مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا گیا۔
متاثرہ عمارتوں کی دیواریں گر گئی۔ 6 فروری کے 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے بعد ترکیہ اور شام میں چھ ہزار سے زائد آفٹر شاکس محسوس کیے گئے ہیں۔
6 فروری کے زلزلے میں ترکیہ میں اب تک 41 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔