اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر ) وفاقی دارالحکومت میں ڈھائی کروڑ روپے تاوان کے لیے نوجوان کو اغوا کر لیا گیا،دوسری جانب پولیس نے عدالت میں پیشی کے لیے لائے گئے چار ملزمان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی
تھانہ کراچی کمپنی پولیس کو مختار احمد نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ کہ میرا بیٹا عبید مختار شام کو گھر سے آئی ایٹ میں میٹنگ کا کہہ کرنکلا،پھر اس سے رابط منقطع ہوگیا، اسکے نمبرسے رات کو ایس ایم ایس آیاکہ اگر بچے کو زندہ دیکھنا چاہتے ہو تو چوبیس گھنٹوں میں ڈھائی کروڑ روپے اکٹھے کرلو، اگر پولیس کو بتایاتو بچے کو جان سے مار دیں گے
پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، مغوی کی عمر 26سال بتائی گئی ہے اور وہ سی اے کا سٹوڈنٹ ہے
دریں اثنا عدالت میں پیشی کے لیے لائے گئے چار ملزمان کے فرار ہونے کی کوشش وفاقی پولیس نے ناکام بنادی ، ملزمان نے گاڑی کے اندر ہتھکڑیاں کھول لی تھیں
فرار ہونے کے لیے ملزمان نے پولیس کے ساتھ مزاحمت بھی کی ۔تھانہ مارگلہ پولیس کو مشتاق احمد نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ قیدی گاڑی میں ملزمان بلند اقبال، امجد ، رفیع اللہ ، اجمیس کو لے کر کچہری ایف ایٹ پہنچی تو ملزمان نے نامعلوم طریقے سے اپنی ہتھکڑیاں کھول لی تھیں اور ملزمان نے فرار ہونے کے لیے پولیس سے مزاحمت بھی کی تاہم ملزمان کو پکڑ کر دوبارہ ہتھکڑیاں لگا دیں ، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا