کے پی او حملہ:اہلکاروں نے دشمن کو بھرپورجواب دیا،پولیس چیف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کے دفتر پہنچ گئے جہاں انہوں نے کراچی پولیس آفس پر حملے کے دوران فرنٹ لائن فائٹرز کا کردار ادا کرنے والے پولیس افسران کو شاباش دی۔
انہوں نے ڈی آئی جی مقدس حیدر، ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ اور دیگر افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میرے ان ساتھیوں نے پولیس کو بڑے نقصان سے بچایا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے کوئیک رسپانس کی وجہ سے دشمن کو ذلت کا سامنا ہوا، میں اپنے شہداء کی فیملیز اور زخمی جوانوں کے گھروں پر جا رہا ہوں، کراچی پولیس آفس پر حملے کی اطلاع پر شہر بھر سے پولیس پہنچی، جو یہ جنگ غیرت اور جذبے سے جیتی، ہم نامساعد حالات میں اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں، دشمن کتنے ہی حملے کر لیں ہم ان کو بھرپور جواب دیں گے،
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کراچی کے غیرت مند عوام پولیس آفس پر حملے کے اگلے روز ہی پی ایس ایل میچ میں موجود تھے، واقعے پر پولیس افسران اور جوانوں نے فوری رسپانس دیا، ہم پولیس دربار میں اپنے افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہیں گے ، اپنے بہادروں کے لیے تمغۂ جرات اور قائدِ اعظم ایوارڈ کی سفارش کریں گے،
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مشکور ہیں جنہوں نے فوراً پولیس کمانڈ سے رابطہ کیا، اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ خود آپریشن کو کمانڈ کر رہے تھے، آئی جی سندھ غلام نبی میمن آپریشن کی صورتِ حال پر مکمل رابطے میں تھے اور اسے مانیٹر کرتے رہے، افسران کو ہدایت دیتے رہے،
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ پاک فوج اور رینجرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے فوراً رسپانس کیا، پاک فوج اور رینجرز کے جوان پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ دہشت گردوں سے لڑے، مجھے فخر ہے کہ میں ایک بہادر فورس کا حصہ ہوں،واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی او پہلے پہنچنے والے ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ، اے ایس پی شاہراہِ فیصل ظفر صدیق اور ایس ایچ او آغا مشعوق تھے ، زخمی کانسٹیبل تیمور خان بلال ڈی آئی جی کے ساتھ چھت پر پہنچے، انسپکٹر غلام حسین کورائی ماری پور سے پہنچے، ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر آخر تک دشمنوں سے لڑے، ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے فوری رسپانس کیا، ڈی ایس پی سہیل خان قیصر علی شاہ اور ایسٹ کے ایس ایچ او بھی کے پی او پہنچے،کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے یہ بھی کہا کہ اہلکار سے لے کر افسران تک جواں مردی سے لڑے، اپنے ان بہادروں کو سراہا جانا چاہیے، پاک فوج اور رینجرز کی کمانڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بریگیڈیئر توقیر، قلندر ونگ اور ان کی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں، میں ہر زون میں جا کر اپنے جوانوں اور افسران سے ملاقاتیں کر رہا ہوں۔