کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے کرنسی کی غیرقانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتارکرکے مقدمات درج کر لئے۔
ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کے لگ بھگ ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کرکے ضبط کر لی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹرکے پی زون مجاہد اکبرخان کی ہدایت پر ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف ڈپٹی ڈائریکٹرکمرشل بینکنگ سرکل پشاور افضل خان نیازی کی زیرنگرانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شفقت جمال کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے 83 لاکھ 10 ہزار روپے اور ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں برآمد کرلی گئیں۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں جعفر، اسحاق اورعمران خان شامل ہیں۔
ملزمان کو چوک یادگار پشاور سے گرفتارکیا گیا۔ دوسری کارروائی میں ٹیم نے پشاور کے یادگار چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان امجد اور ضمیر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 66 لاکھ 38 ہزار روپے اور ہنڈی حوالہ متعلق رسیدیں برآمد کر لی گئیں۔ پانچوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔