اسلام آباد: تفتیشی افسر نے طیبہ گُل ہتک عزت کیس میں سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کا جواب غیرتسلی بخش قرار دے دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف طیبہ گل کے ہتک عزت کے کیس کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی کی عدالت میں تفتیشی افسر نے رپورٹ جمع کرواتے ہوئے کہا کہ شہزاد سلیم تسلی بخش جواب نہ دے سکے لہذا طیبہ گل کا موقف درست ہے جس کی تائید کی جاتی ہے۔
تفتیشی افسر نے رپورٹ میں کہا کہ طیبہ گُل اور سابقہ ڈی جی نیب شہزادسلیم کو انکوائری کے لئے طلب کیاگیا، طیبہ گُل نے موقف اختیار کیاکہ 2019 میں نیب نے انہیں گرفتار کیا، عدالت نےعدم ثبوت کی بنیاد پر طیبہ گل کو بری کردیا، مگر شہزادسلیم نے سوشل میڈیا اور ٹیلیویژن پر بیٹھ کران کی کردار کشی کی۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ طیبہ گُل کے مطابق شہزادسلیم نے ان کے خلاف نازیبا القابات کا اظہار کیا،ان کے بیانات کے باعث انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ شہزادسلیم کے مطابق وہ ڈی جی نیب سمیت سرکاری اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور طیبہ گل جھوٹ بول رہی ہیں اوران کی کردار کشی کر رہی ہیں، وہ اپنے شوہر کے ہمراہ 25 سے زائد مقدمات میں نامزد ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔