معیشت کی بحالی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے،ایپکس کمیٹی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں اس بات پراتفاق رائے پایا گیا کہ ایسے حالات میں جب پاکستان اندرونی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، قومی سا لمیت، اتحاد اور اجتماعی کوششیں وقت کی ضرورت ہیں۔

اجلاس میں انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں نے شرکاء کو ملک کی مجموعی سلامتی کی صورتحال اور دہشتگردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے بارے میںآگاہ کیا۔

اجلاس کے شرکاء نے مختلف دہشتگردحملوں میں شہید ہونے والے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس ،انسداد دہشت گردی کے محکمے اور سیکیورٹی سے متعلق منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طورپردورکیاجائے گا۔

وفاقی حکومت امن وسلامتی کے قیام کے لئے صوبوں کومکمل تعاون اور امداد فراہم کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہنگامی صورتحال میں افواہوں، غلط اطلاعات اور عوام میں خوف وہراس پھیلانے جیسی سازشوں کی روک تھام کے لئے میڈیا ہائوسز اور تمام متعلقہ فریقوں مشورے سے ایک موثر طریقہ کارطے کیاجائے گا۔

انہوں نے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمداورایپکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کابھی جائزہ لیا۔وفاقی وزیرقانون وانصاف کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے دہشتگردوں کے خلاف تفتیش، مقدمات کی پیروی اورسزائوں کے بارے میں کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں آرمی چیف،وفاقی وزراء ،صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزادجموں وکشمیرکے وزیراعظم ،سول وفوجی خفیہ اداروں کے سربراہوں،سیکرٹری داخلہ، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹرجنرل آف پولیس اورنیشنل کائونٹرٹیررازم اتھارٹی کے کورآڈینیٹرنے شرکت کی۔