شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکارشہید 2 زخمی

شمالی وزیرستان : اسپن وام میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔ حملے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کی شناخت سپاہی افضل اور سپاہی عمران کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جب کہ زخمی سپاہی شہزاد اور سپاہی رضوان کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دہشت گرد حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان بھر میں بالعموم اور خیبر پختونخوا اور اس میں ضم کئے گئے قبائلی علاقوں میں بالخصوص دہشت گردی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

چند ہفتوں پیشتر پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں نماز ظہر کی ادائیگی کے دوران خودکش دھماکے سے 112 افراد شہید ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ شمالی وزیرستان اور اس سے ملحقہ اضلاع میں بھی پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے بڑھ گئے ہیں۔