کراچی پریس کلب سپر سکسز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ 30 اکتوبر سے شروع ہوگا،خواتین کی بھی انٹری

32 میڈیا ہاؤسز کی ٹیمیں شریک ہوں گی، سیمی فائنل اور فائنل 7 نومبر کو ہوں گے، اسی روز اختتامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی

October 27, 2026 · اسپورٹس
کراچی پریس کلب کی اسپورٹس کمیٹی کے سیکریٹری عتیق الرحمن اور ڈپٹی سیکریٹری زاہد غفار ڈراز نکال رہے ہیں

کراچی پریس کلب کی اسپورٹس کمیٹی کے سیکریٹری عتیق الرحمن اور ڈپٹی سیکریٹری زاہد غفار ڈراز نکال رہے ہیں

کراچی : کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ’’سپر سکسز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ 2026‘‘ کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا، جس میں مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا اداروں کی 32 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ خواتین کھلاڑیوں کے درمیان نمائشی میچ بھی کھیلا جائے گا،جو 31 اکتوبر کو شام 4 بجے شروع ہوگا۔کراچی پریس کلب میں منعقد ہونے والے اس تین روزہ ایونٹ میں میڈیا سے وابستہ کھلاڑی اپنی کرکٹ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

ٹورنامنٹ کے پہلے روز 30 اکتوبر کو ناک آؤٹ مقابلے کھیلے جائیں گے، جب کہ 31 اکتوبر کو راؤنڈ میچز اور کوارٹر فائنلز منعقد ہوں گے۔ ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل 7 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ اسی روز اختتامی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ 30 اکتوبر کو شام 6 بج کر 30 منٹ پر کراچی پریس کلب بلیوز اور بزنس ریکارڈر ڈیجیٹل کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں شام 7 بجے کیمرامین الیون اور بی آر نیوز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ تیسرے مقابلے میں شام ساڑھے 7 بجے فری لانس میڈیا اور اے آر وائی ڈیجیٹل کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ میں کراچی پریس کلب بلیوز اور گرین، بزنس ریکارڈر ڈیجیٹل، بی آر نیوز، اے آر وائی ڈیجیٹل، اے آر وائی نیوز، اے آر وائی بیورو، جیو سپر، جیو ڈیجیٹل، جیو نیوز، دنیا نیوز، ڈان نیوز، اب تک نیوز، ایک نیوز، ایکسپریس نیوز، سما نیوز، نیو نیوز، 365 نیوز، بول نیوز، آج نیوز، جنگ ڈیجیٹل، روزنامہ جنگ، ڈیلی جسارت، ڈیلی امت، روزنامہ سچول، امروز پاکستان، جہانِ پاکستان، وطن گجراتی اور سی-21 سمیت مختلف میڈیا اداروں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

کیمرامین الیون، فوٹوگرافرز الیون اور فری لانس میڈیا سے وابستہ کھلاڑی بھی ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔ٹورنامنٹ کے ڈراز کراچی پریس کلب کی اسپورٹس کمیٹی کے سیکریٹری عتیق الرحمن اور ڈپٹی سیکریٹری زاہد غفار نے نکالے۔

اس موقع پر انہوں نے شریک ٹیموں کے کپتانوں کو ایونٹ کے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا۔ تقریب میں کراچی پریس کلب کے خازن عمران ایوب،جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع ، سابق سیکریٹری محمد رضوان بھٹی، منظر الہی سمیت دیگربھی موجود تھے۔