راولپنڈی: چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی کی پاکستان سپر لیگ میچز کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی کوبلا رکاوٹ برقرار رکھنے اورعوام الناس کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں کو خصوصی بریفنگ دی گئی۔
ٹریفک پولیس کے347سے زائد اہلکار تعینات کر دیے گئے۔ تمام افسران و جوان ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر خلوص نیت کے ساتھ اپنی ذمے داریوں کو سر انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے ڈبل روڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے دوران شہرمیں ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھنے اورعوام الناس کو ہر ممکنہ ٹریفک سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں ٹریفک پولیس کے افسران و جوانوں کو ڈیوٹی کے متعلق خصوصی بریفنگ دی۔
پاکستان سپر لیگ کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے347سے زائد اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچز اور خاص دنوں میں شہریوں کو بلا رکاوٹ ٹریفک کی روانی میرا مشن ہے لہذا تمام افسران و جوان ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر اپنی ڈیوٹی کو خلوص نیت اور عوام الناس کی خدمت کے جذبہ کے تحت سر انجام دیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ دوران ڈیوٹی شہر میں ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرا ر رکھنے روڈ یوزرز اور شائقین کرکٹ کو ہر ممکنہ ٹریفک سہولیات فراہم کرنے کےلے اپنی تمام تر صلاحیتیوں کوبروئے کار لائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دوران ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آتے ہوئے انھیں متبادل راستوں کے متعلق مکمل آگاہی فراہم کریں۔ عوا م الناس کے ساتھ ٹریفک پولیس کے افسران وجوانوں کا اچھا اخلاق اور بہترین کردار فورس کے وقار کی سر بلندی کا ضامن ہے۔