سوات:مرکزی سبزی منڈی مینگورہ شہر سے باہراوڈیگرام منتقل

سوات(بیورورپورٹ)سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں قائم سبزی منڈی دس سال کی طویل جدوجہد کے بعد شہر سے باہراوڈیگرام میں منتقل کردی گئی۔

سابق ایم پی اے عزیز اللہ گران نے تحصیل کونسل کبل کے چیئرمین سعید خان،سابق تحصیل ناظم اکرام خان کے ہمراہ فیتہ کاٹ کا اوڈیگرام سبزی منڈی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر سیاسی رہنماحیدرعلی خان،عرفان خان چٹان کے علاوہ سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر عالم خان،سینئر نائب صدرملک رحمت علی خان اورجنرل سیکرٹری اقبال حسین،پروجیکٹ منیجر غیث اللہ سمیت دیگر آڑھتی، پڑی اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔

عزاللہ گران اور دیگر مقررین نے کہاکہ یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ  2013 میں سرکارسطح پر منظور ہونے والی اوڈیگرام سبزی منڈی کا افتتاح ہوگیا اور آج سے اب نئی سبزی منڈی میں ہی بولی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ مینگورہ شہر میں بڑھتی ٹریفک اور رش کی وجہ سے مینگورہ سبزی منڈی کا مزید قائم رہنامشکل ہوگیا تھا۔ سبزی منڈی کا شہر سے باہر منتقل ہونے سے شہر میں ٹریفک کا اژدھام کم ہوگا اور یہاں پر وسیع منڈی میں کا روبار بھی وسیع ہوگا اور نئے لوگوں کو بھی کاروبار کے مواقع فراہم ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ اوڈیگرام سبزی منڈی میں آڑھتیوں کو مناسب ریٹ سے بڑی اور وسیع کاروباری جگہیں فراہم کی جائیں گی ۔

سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویڑن،ڈپٹی کمشنر سوات اور ٹی ایم او بابوزئی کا بھی شکریہ اداکیا جنہوں نے نہ صرف آڑھتیوں کے مسائل حل کئے بلکہ سہولیات کے ساتھ ساتھ سبزی منڈی کو مزید وسعت دیکر فیز ٹو پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔