الیکشن از خود نوٹس :سپریم کورٹ محفوظ فیصلہ آج سنائے گا

اسلام آباد: سپریم کورٹ الیکشن از خود نوٹس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے گا ،سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ صدر بطور سربراہ مملکت ایڈوائس پر ہی فیصلے کرسکتے ہیں، اگر قانون میں تاریخ دینے کا معاملہ واضح ہوتا تو آج یہاں نہ کھڑے ہوتے۔

سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختون خوا میں انتخابات کی تاخیر پر ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے جسے آج صبح 11 بجے سنایا جائے گا۔

اس سے قبل عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا، اس ضمن میں چیف جسٹس کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔ فیصلہ جلدی سنانے کی کوشش کریں گے، آج کسی وقت فیصلہ سنایا جائے گا۔

ازخود نوٹس کی تیسری سماعت سے قبل سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ ٹوٹ گیا تھا، جن میں سے 4 ججز جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس اطہر من اللہ نے خود کو بینچ سے الگ کرلیا تھا۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ پنجاب اور خیبرپختون خوا میں انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس کیس کی چوتھی سماعت کررہا ہے۔ لارجر بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔