سی پی این ای کی جوڈیشل کمپلیکس میں صحافیوں پرتشدد کی مذمت

کراچی: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں پولیس اہلکاروں کی صحافیوں پر تشدد کی پر زور مذمت کی ہے۔

سی پی این ای کے صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل عامر محمود نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں پر پولیس تشدد سے عالمی سطح پر پاکستان میں صحافتی اقدار کو مزید ٹھیس پہنچی ہے لہٰذا چیف جسٹس آف پاکستان اس واقعہ کا نوٹس لیں اور کوڈ آف کنڈکٹ میں اس بات کو لازمی بنایا جائے کہ صحافتی فرائض کی انجام دہی میں صحافیوں پر تشدد کی پالیسی سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ من پسند بیانیہ کی پاداش میں صحافیوں پر تشدد کی پالیسی کسی طور پر قبول نہیں، آج صحافی مخصوص زاویہ سے ریاستی جارحیت کا نشانہ بنائے جا رہے ہیں کل اس صورت حال کا تمام پیشہ ور افراد شکار ہوں گے۔

سی پی این ای کے رہنماؤں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس واقعہ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے بصورت دیگر سی پی این ای آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے دفاع میں سخت رد عمل کا حق محفوظ رکھتی ہے۔