سوات کے شہری کی بیوی سے سوتیلے بھائیوں کی مبینہ زیادتی

سوات (بیورورپورٹ)سوات کے علاقے کبل کے رہائشی محمد خان نے سوتیلے بھائیوں پر اپنی بیوی کے ساتھ زیادتی اور لاپتہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئےانصاف کی اپیل کردی۔

سوات پریس کلب میں بیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ شخص محمد خان نے کہاکہ میں ایک غریب شخص ہو ں، آٹو پارٹس کا کاروبار کرتے ہوئے بال بچوں کے لئے رزق حلال کی تلاش میں کئی کئی دن گھر سے باہر رہتا ہوں، گھریلو چپقلش پر دو بہنوں آئینہ بخت، جان تاج بی بی کے ساتھ مل کر سوتیلے بھائیوں عمر روان اور عمر علی نے رات کے اندھیرے میں میرے گھر آ کر بیوی کے ساتھ زبردستی بد فعلی کی اور دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو جان سے ماردیں گے، متاثرہ شخص نے الزام لگایا کہ یہ سلسلہ کئی مہینوں چلتا رہا اور بیوی نے خوف کی وجہ سے مجھے لاعلم رکھا، شک ہو نے اور میرے بار بار اصرار پربیوی نے بتایا کہ تمہارے سوتیلے بھائیوں نے مجھے کہیں کا نہیں چھوڑا ہے اور پھر اس نے جو کچھ بتایا وہ میں بیان نہیں کرسکتا کہ اپنے ہی گھر کے محافظوں نے میری عزت تار تار کرد ی ہے اور اب مجھے بھی قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ میرے سوتیلے بھائیوں نے اب میری سالی رخسانہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کر تے ہوئے میری بیوی کو بچوں سمیت کہیں چھپادیا ہے

متاثرہ شخص نے حکومتی ذمہ داروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انصاف دیا جائے، موجودہ حالات میں میں اپنے آپ اور اپنے بچوں کو غیر محفوظ سمجھتا ہوں لہذا پولیس، عدلیہ اور حکومت تحفظ فراہم کرنے سمیت میری بیوی اور بچوں کو بازیاب کرائے۔