کفایت شعاری مہم: جون 2024 تک سرکاری گاڑیاں خریدنے پرپابندی

اسلام آباد(امت نیوز)وزارت خزانہ نے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت جون 2024 تک نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی، اور سرکاری اجلاسوں اور میٹنگز میں سنگل ڈش کی اجازت ہوگی، حکومتی میٹنگز میں چائے اور بسکٹس سے تواضع کی جائے گی

وزارت خزانہ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر وزارتوں اور ڈویژن کے جاری اخراجات پر 15 فیصد کی کٹوتی ہوگی، وزارت دفاع، داخلہ، صحت سمیت سرکاری وزارتوں کے غیرترقیاتی بجٹ میں 15 فیصد کی کٹوتی کردی گئی ہے، تاہم وزارت خارجہ اور ڈپلومیٹک مشنز پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

سرکلر کے مطابق کٹوتی کا اطلاق وزارتوں، ڈویژنز، خود مختار اور ماتحت اداروں کے غیرترقیاتی بجٹ پر ہوگا، کرنسی کی قدر گرنے کی وجہ سے بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کے بجٹ پر کٹوتی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومتی اجلاسوں یا فنکشن میں سنگل ڈش سے ہی مہمانوں کی تواضع ہوگی، جب کہ رواں سال جون تک تمام قسم کی سرکاری خریداری پر پابندی ہوگی، اور جون 2024 تک تمام قسم کی سرکاری گاڑیاں خریدنے پرپابندی رہے گی، غیرملکی مہمانوں کے علاوہ تمام سرکاری اجلاس یا تقاریب ہوٹلز کے بجائے ادارے میں ہی منعقد کرنا ہوں گی۔

سرکلر میں مزید بتایا گیا ہے کہ پرنسپل اکاونٹنگ افیسرز کو تجویز کئے گئے ان اقدامات پر عملدر کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔